ڈاکٹر محمد آصف
سرائیکی وسیب دی ادبی شخصیت ڈاکٹر محمد آصف
ڈاکٹر محمد آصف اردو کے مشہور ادیب ،محقق ، نقاد، ماہرِ اقبالیات ، شاعر اور دانشور ہیں۔ان کا گھرانہ دِلّی کی تہذیب و شائستگی کا آئینہ دار ہے۔ ان کے والدین اپنے خاندان کے ساتھ تقسیمِ ہند کے وقت ہجرت کر کے پاکستان آئے اور ملتان میں آباد ہوئے۔ڈاکٹر محمد آصف 30 جنوری 1973 کو ملتان میں پیدا ہوئے۔میٹرک 1990 میں گورنمنٹ پائلٹ سیکنڈری سکول ملتان سے کیا۔ایف اے 1992 میں گورنمنٹ سول لائنز کالج ملتان سے، بی اے 1994 میں گورنمنٹ کالج بوسن روڈ ملتان سے ،اور ایم اے اردو 1996 میں بہاءالدین زکریا یونیورسٹی ملتان سے کیا۔ ایم اے اردو میں تحقیقی و تنقیدی مقالہ لکھا جس کا موضوع تھا " حزیں صدیقی: انتخاب و تدوین کلام "۔اس کے بعد ایم اے فارسی 2001 میں بہاءالدین زکریا یونیورسٹی ملتان سے کیا۔ 2003 میں ایم فل اردو میں داخلہ لیا جس کے ایک سالہ کورس ورک میں 80% سے زیادہ نمبرز لینے پربہاالدین زکریا یونیورسٹی ملتان کےقواعد کے تحت براہ راست2004میں پی ایچ ڈی اردو کے لیے رجسٹریشن ہوئی۔2008میں پی ایچ ڈی کی تکمیل ہوئی ۔پی ایچ ڈی میں مقالے کاموضوع " اسلامی اور مغربی تہذیب کی کشمکش :فکر اقبال کے تناظر میں"تھا۔ 2015-2016 میں اوساکا یونیورسٹی جاپان سے ایچ ای سی کے سکالرشپ پر پوسٹ ڈاکٹریٹ کیا ۔
ایم اے اردو کے بعد تدریس کے شعبے سے منسلک ہوئے اور ابتدا میں مختلف سکولوں اور کالجوں میں تدریس کے فرائض سر انجام دیے۔ 2005 میں اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کے شعبہ اردو سے منسلک ہوئے ۔اس کے بعد 2008 میں شعبہ اردو بہاء الدین زکریا یونیورسٹی ملتان سے وابستہ ہو گئے اور تا حال وہیں اپنی خدمات سر انجام دے رہے ہیں۔۔ایک عمدہ محقق، نقاد اور ماہر اقبالیات ہونے کے ساتھ ساتھ بہترین شاعر بھی ہیں۔ ان کی اب تک حسب ذیل تصانیف شائع ہو چکی ہیں۔
اسلامی اور مغربی تہذیب کی کشمکش : فکر اقبال کے تناظر میں، حزیں صدیقی : شخصیت اور شاعری ، اقبال اور نیا نوآبادیاتی نظام (ما بعد نوآبادیاتی سیاق میں افکار اقبال کا مطالعہ، شعر و ادب : نئی تفہیم، اقبال کا تہذیبی تشخص : ارتقائی مطالعہ، جدید نظام سیاست اور اقبال، اقبال اور قسمت نامہء سرمایہ دار و مزدور عصری حوالوں سے فکرِ اقبال کی روشنی میں سرمایہ و محنت کی کشمکش کا تجزیہ، عورت اقبال کی نگاہ میں (تانیثیتی نقطہ نظر سے فکر اقبال کا مطالعہ، اقبال : نیا تناظر نئی تفہیم ، اس کے علاوہ تحقیق و تنقید سے متعلق ان کی دو کتب اور غزلوں کا ایک مجموعہ بھی زیر ترتیب ہے۔